ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترکنڑا ایس پی کا بھٹکل دورہ؛ دس دن مکمل لاک ڈاون کا دیا اشارہ، کہا؛ منگل اور جمعہ کو چھوٹ دینےسے کورونا پر نہیں پایا جاسکے گا قابو

اُترکنڑا ایس پی کا بھٹکل دورہ؛ دس دن مکمل لاک ڈاون کا دیا اشارہ، کہا؛ منگل اور جمعہ کو چھوٹ دینےسے کورونا پر نہیں پایا جاسکے گا قابو

Wed, 26 May 2021 23:22:05    S.O. News Service

بھٹکل 26/مئی (ایس او نیوز)  اُترکنڑا ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے بھٹکل میں آفسران سے ملاقات اور کورونا کے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا خیال ظاہر کیاکہ ضلع اُترکنڑا میں  دس دنوں کےلئے مکمل لاک ڈاون  نافذکرکے ہی  کورونا  کی دوسری لہر پر قابو پانا آسان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ  وہ انکولہ، سرسی، سداپور اور ہوناور میں کورونا کےمعاملات کا  جائزہ لینے کے بعد  اب بھٹکل کا جائزہ لینےپہنچے ہیں اور تمام تعلقہ جات میں آفسران اور ذمہ داران سے ملاقات کرنے کے بعد  اس نتیجے پر پہنچے ہیں   کہ  لاک ڈاون کے دوران ہفتہ میں دو دن   چھوٹ دینے سے ایک ساتھ لوگ گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور  اُن پر قابو پانا مشکل ہوجاتا ہے، اور عوام کی بھیڑ جمع ہونے کی صورت میں   لاک ڈاون کا پورا  مقصد ہی فوت ہوجاتا ہے۔ اس طرح کے حالات کو دیکھتے ہوئے میں واپس کاروار جاکر ڈپٹی کمشنر اور ضلع انچارج وزیر کو  یہی مشورہ دوں گا کہ  ضلع اُترکنڑا میں  دس دنوں کےلئے مکمل لاک ڈاون نافذ کیا جائے اور منگل اور جمعہ کو بھی لاک ڈاون میں چھو ٹ نہ دی جائے۔

ایس پی نے بتایا کہ  فی الحال  ضلع میں کورونا کے معاملات میں تھوڑی کمی نظر آرہی  ہے، لیکن اگر ہم  نے  لاک ڈاون میں تھوڑی سی نرمی برتی  تو خدشہ ہے کہ پھر  معاملات میں اضافہ ہوگا، اس لئے میرا یہی مشورہ ہوگا کہ  ضلع میں مکمل دس دنوں کا لاک ڈاون نافذکیا جائے اور لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کا موقع ہی نہ دیا جائے۔ البتہ میرے اس مشورے پر عمل کرنا یا نہ کرنا ضلع کےڈپٹی کمشنر اور ضلع کے انچارج وزیر کے اختیار میں ہوگا۔ وہ حتمی طور پرجمعرات  تک فیصلہ لے کر بتائیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ گذشتہ سال کورونا کو لے کر ضلع میں مکمل لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا جس کے دوران  سبزی، پھل، دودھ اور گروسری کی دکان والوں کو   گھر گھر جاکر  روزمرہ کی ضروری  اشیاء سپلائی کرنے کی اجازت دی گئی تھی، اس بار بھی ویسا ہی کام کیا جاسکتا ہے کہ لوگ گھروں سے باہر نکلنے کے بجائے گھر پر ہی  ضروری سامان منگوائیں۔ ایس پی نے بتایا کہ اس تعلق سے انہوں نے بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر آفسران سے بات چیت کی ہے اور گذشتہ سال کس طرح  ہوم ڈیلیوری کے ذریعے عوام کو  راحت دی گئی تھی، اسی کو دوبارہ نافذ کرنے کے تعلق سے تیاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ میں چونکہ گراونڈ میں ہوں اور تمام آفسران اور اخبارنویسوں وغیرہ  سے بات چیت کررہا ہوں، مجھے تمام لوگ یہی مشورہ دے رہے ہیں کہ  دس دن مکمل لاک ڈاون نافذ کرنا چاہئے۔ ابھی ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ گھر گھر سامان پہنچانے کےلئے مزید بہتر اقدامات کس طرح  کئے جاسکتے ہیں اور عوام کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو، اُس کے لئے کیا کرنا چاہئے۔ میں یہی  چاہوں گا کہ ہم  اپنی پوری کوشش کریں کہ لوگوں کے گھروں تک  ضروری اشیاء پہنچ جائے  اور لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی ضرورت محسوس نہ ہونے دیں۔

بھٹکل میں کورونا معاملات کے تعلق سے ایس پی نے بتایا کہ بھٹکل میں تنظیم کی طرف سے  جو موبائل  کلینک کی شروعات کی گئی ہے وہ بہت ہی بہترین کام ہے، لیکن میرا مشورہ یہی ہے کہ موبائل کلینک کے ذریعے گھر گھر پہنچ کر  علاج کرنے کا جو کام کیا جارہا ہے، اُس کے  ساتھ  ساتھ  تنظیم کو  کووڈ کا ٹیسٹ بھی لینا چاہئے ۔ ایس پی کے مطابق  کووڈ ٹیسٹ بھٹکل میں بہت ہی کم ہورہاہے، جتنا زیادہ ٹیسٹ کریں گے،  پوزیٹیو معاملات سامنے آنے کی صورت میں اُن کا علاج کرنا اور لوگوں  کی جانیں بچانا آسان ہوگا۔

 ایس پی نے بتایا کہ  قریب 80 پنچایت علاقوں اور قریب 30 شہری حدود کے وارڈس میں  کنٹینمنٹ زون قائم کئے گئےہیں اور کنٹینمنٹ زون کے  گھروں میں  ضروری اشیاء کی چیزیں پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ لیکن اب اگر  پورے دس دنوں تک  ضلع بھر  میں ہی  لاک ڈاون نافذکرنے کا فیصلہ ہوتا ہے تو   کنٹینیمنٹ زون اور دیگر علاقوں میں کوئی فرق  باقی نہیں رہے گا۔ تمام گھروں میں  اشیاء پہنچانے کا بندوبست کیا جائے گا۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرنے سے پہلے ایس پی نے بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی، تحصیلدار ایس روی چندرا، ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا،  تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ، سرکاری اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ سمیت  دیگر آفسران کو لے کر بند کمرے میں میٹنگ کی تھی اور بھٹکل کے تمام حالات سے آگاہی حاصل کی تھی۔

 


Share: